اللہ تعالیٰ کا فضل وکرم ہے کہ میر ا بیرون ملک اور اندرون ملک سارا سفر طے شدہ پروگرام کے مطابق مکمل ہوا . میں نے ۲۰ ستمبر کا جمعہ نیویارک میں او ر۲۷ستمبر کا جمعہ پاکستان کے انتہائی شمالی علاقے دیر میں ادا کیا . جبکہ اس کے بعد ۴ اکتوبرکا جمعہ تنظیم اسلامی پاکستان کے سالانہ اجتماع کے موقع پر راولپنڈی میں اد اکیا ‘ جہا ں میرے خطابِ جمعہ کی حیثیت سالانہ اجتماع کے افتتاحی خطاب کی تھی . 

میں کئی مرتبہ عرض کر چکا ہوں کہ میں مجھے مالاکنڈ ڈویژن کے علاقے سے اس اعتبار سے خصوصی دلچسپی ہوگئی ہے کہ احادیثِ نبویہ میں جس ’’خراسان‘‘ کے بارے میں پیشین گوئیاں موجود ہیں کہ حضرت مہدی کی مدد کے لیے وہاں سے لشکر روانہ ہوں گے اس میں یہ علاقہ بھی شامل ہے . نبی اکرم کے زمانے میں ’’خراسان ‘‘کا اطلاق جس ملک پر ہوتا تھا اس میں ایران کے صوبہ خراسان کے علاوہ افغانستان کا تقریباًدوتہائی حصہ اور پاکستان کا کم ازکم مالاکنڈڈویژن کا علاقہ شامل ہے . یہاں کے لیے کئی مرتبہ پروگرام بنے لیکن بوجوہ ملتوی کرناپڑے . اس مرتبہ اگرچہ میں امریکہ سے آکر صرف ایک دن آرام کر سکا تھا لیکن میں نے پروگرام کے مطابق دیر کا طویل سفر اختیا ر کیا. وہاں پر بحمدللہ ہمارا ایک بہت ہی کامیاب جلسہ ہوا .