اہلِ تشیع کے برعکس اہل سنت کا عقیدہ یہ ہے کہ معصومیت خاصۂ نبوت ہے اور ختمِ نبوت کے بعد معصومیت ختم ہو گئی. محمدٌ رسول اللہﷺ کے بعد کوئی معصوم نہیں ہے. یہاں تک کہ ابوبکر اور عمر(رضی اللہ عنہما) بھی معصوم نہیں تھے. ہمارے نزدیک مجددین کا جو سلسلہ چودہ سوسالوں سے چلا آ رہا ہے، حضرت مہدی کو بھی اسی کی ایک کڑی قرار دینا درست ہو گا. البتہ احادیث نبویہ سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ حضرت فاطمہؓ کی نسل سے ہوں گے، اور حضرت فاطمہؓ کی نسل کی حسنی شاخ سے ان کا تعلق ہو گا. ان کے بارے میں حضورﷺ نے فرمایا کہ ان کا نام میرے نام پر ہو گا یعنی محمد. اور ان کے باپ کا نام بھی میرے باپ کے نام پر ہو گا یعنی عبداللہ. اور وہ شخص عرب میں ایک صحیح اسلامی حکومت قائم کرے گا. آنحضورﷺ نے پورے عالم اسلام کا ذکر نہیں کیا بلکہ صرف عرب کے بارے میں یہ بات فرمائی. اس شخص کو ہم مہدی کے نام سے جانتے ہیں.
مہدی کے معنی کیا ہیں؟ ہدایت یافتہ شخص. ہادی کا مطلب ہے ہدایت دینے والا (یہ اسمِ غافل ہے) اور مہدی وہ ہے جس کی ہدایت ہو گئی ہو، وہ جو ہدایت یافتہ ہو. مہدی ان کا صفاتی نام ہے، اصل نام محمد ہو گا. ان کے والد کا نام عبداللہ ہو گا اور وہ حضرت حسنؓ کی نسل سے ہوں گے، گویا حضرت فاطمہؓ کی اولاد میں سے ہوں گے.