یہ کتاب میری اُن تحریروں پر مشتمل ہے جو ۶۸۱۹۶۷ء میں ماہنامہ’میثاق‘ لاہور کے اداریوں کی حیثیت سے شائع ہوئی تھیں. بعد میں محسوس ہوا کہ انہوں نے تحریک پاکستان کے تاریخی و سیاسی پس منظر‘ اور اسلامیانِ پاکستان کے تہذیبی و ثقافتی پس منظر پر ایک جامع اورمربوط دستاویز کی صورت اختیار کر لی ہے. چنانچہ ۱۹۸۳ء میں انہیں پہلی بار کتابی صورت میں شائع کیا گیا. اور کتاب کی مقبولیت کے باعث اگلے ہی سال اسے دوبارہ جوں کا توں طبع کرنے کی نوبت آ گئی اور اس بار بھی کتاب فوراً ہی ختم ہو گئی. چنانچہ ادھر کئی سال سے یہ نایاب تھی.

اب طبع سوم کے موقع پر بھی کتاب تقریباً 
من و عن شائع کی جا رہی ہے‘ سوائے اس کے کہ چند مقامات پر حواشی کا اضافہ کیا گیا ہے‘ اور سابق متن میں سے صرف ایک حاشیہ حذف کر دیا گیا ہے مزید برآں مولانا سید محمد یوسف بنوریؒ کی ایک تحریر بطورِضمیمہ شامل کر دی گئی ہے.
ان شاء اللہ یہ تحریریں پاکستان کے موجودہ سیاسی انتشار و خلفشار‘ اور تہذیبی و ثقافتی تصادم کے پس منظر کے لیے ایک آئینے کا کام دیں گی.
خاکسار
اسرار احمد
لاہور. ۱۱/اگست ۱۹۸۹ء