بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
(بر طبع اوّل ۱۹۹۱ء)
۱۹۸۶ء کے ماہِ رمضان المبارک میں امیر تنظیم اسلامی محترم ڈاکٹر اسرار احمد صاحب نے کراچی میں ناظم آباد نمبر ۵ کی جامع مسجد میں نمازِ تراویح کے ساتھ دورۂ ترجمہ قرآن مکمل کیا تھا. کراچی میں امیر تنظیم اسلامی کے دورۂ ترجمۂ قرآن کا یہ پہلا موقع تھا. اس پروگرام کا آغاز ۳۰ شعبان کی شب کو ’’استقبال رمضان المبارک‘‘ کے زیر عنوان امیر تنظیم کے ایک خطاب سے ہوا.
یہ خطاب نبی اکرمﷺ کی ایک نہایت جامع حدیث مبارکہ پر مبنی تھا جو اِس موضوع پر حرفِ آخر کا درجہ رکھتی ہے . مزید برآں اس موقع پر امیر تنظیم نے سورۃ البقرۃ کے ۲۳ ویں رکوع کی چھ آیات کی روشنی میں نہایت مبسوط ‘ جامع اور پرتاثیر گفتگو فرمائی جس کے حوالے سے روزہ کے ضمن میں قرآن حکیم کی حکمت و ہدایت کی جانب نہایت وضاحت سے رہنمائی ملتی ہے‘ بالخصوص روزے اور قرآن کا باہمی تعلق اور اس حوالے سے صیام و قیام کی باہمی نسبت مبرہن ہو کر سامنے آتی ہے.
یہ خطاب قبل ازیں مئی ۱۹۸۸ء کے میثاق میں شامل تھا جو ’’رمضان المبارک نمبر‘‘ کی حیثیت سے شائع ہوا تھا. مزید افادۂ عام کی غرض سے اب یہ کتابچے کی شکل میں پیش خدمت ہے.
ناظم نشر واشاعت
مرکزی انجمن خدام القرآن لاہور
پس نوشت (اکتوبر ۲۰۰۴ء) پیشِ نظر کتاب کا موجودہ ایڈیشن نظر ثانی کے بعد نئی کمپوزنگ کے ساتھ شائع کیا جا رہا ہے.