گزشتہ مباحث سے یہ بات اظہر من الشمس ہو چکی ہے کہ پاکستان پوری دنیا کا وہ واحد ملک ہے جس کی ’’ولدیت‘‘ صرف اور صرف اسلام ہے. چنانچہ یہ قائم بھی دین و مذہب کے نام پر ہوااور اس کے بقا و دوام اور ترقی و استحکام کے لیے بھی نہ تاریخی تقدس کا عامل موجود ہے، نہ فطری جغرافیائی حدود کا حفاظتی ذریعہ اور نہ ہی دنیا کے معروف اور مروجہ معیارات کے مطابق کوئی قوم پرستانہ جذبہ. بلکہ اُسے مضبوط اور مستحکم اور ناقابل تسخیر بنا سکتا ہے تو صرف اور صرف مذہبی جذبہ. تو آیئے کہ اب ہم اُس مذہبی جذبے کی نوعیت اور خدوخال معین کرنے کی کوشش کریں جو پاکستان کے بقا و استحکام کی مضبوط اور پائیدار اساس بن سکتا ہے، اور یہ سمجھنے کی کوشش کریں کہ اسلام کی کون سی تعبیر اُس مذہبی جذبے کی پیدائش و افزائش کا ذریعہ بن سکتا ہے.