اِس مرحلہ پر ایک اہم وضاحت بہت ضروری ہے____ہمارے سابقہ مباحث سے بھی کچھ لوگوں نے لازماً مایوسی اور بددِلی کا تاثر قبول کیا ہو گا اور اس کا اندیشہ ہے کہ پیش نظر جائزے اور تجزیے سے اِس کیفیت میں مزید شدت پیدا ہو جائے، لہٰذا مناسب ہے کہ یہاں یہ ذکر کر دیا جائے کہ جس تصویر کا تاریک رُخ مسلسل سامنے آ رہا ہے اُس کا ایک نہایت روشن اور تابناک رُخ بھی ہے جو اِن شاء اللہ ذرا اور آگے چل کر سامنے آئے گا____ سردست جس ترتیب سے بحث آگے بڑھ رہی ہے اُس کا تقاضا ہے کہ ہم ناخوشگوار حقائق کو اُن کی واقعی صورت میں دیکھنے کی ہمت کو برقرار رکھتے ہوئے اپنے مشاہدے اور جائزے و تجزیے کو امکانی حد تک زیادہ سے زیادہ معروضی (Objective) رکھیں ،تاکہ ہمارے سامنے مسئلہ کی نزاکت اور صورتِ حال کی سنگینی پوری طرح واضح ہو اور ہم اُس کے تدارک کے ضمن میں نہسطحی انداز اختیار کریں نہ محض دفع الوقتی کی تدابیر میں الجھ کر رہ جائیں، بلکہ پوری سنجیدگی کے ساتھ غور و فکر کی جملہ صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں اور فیصلہ کن انداز میں بھرپور اقدامات کا فیصلہ کر سکیں.