بہرحال، راقم کے مشاہدے کے مطابق دین ومذہب کے ساتھ حقیقی اور واقعی لگاؤ اور عملی تعلق کے اعتبار سے پاکستان کا موجودہ مسلمان معاشرہ چار ایسے ہم مرکز دائروں (Concentric Circles) پر مشتمل ہے جو ایک دوسرے سے نمایاں طور پر متمائز (Distinct) ہیں. چنانچہ ایک نہایت چھوٹا سا دائرہ مرکز سے بالکل متصل ہے، جس میں میرے اندازے کے مطابق ہماری کل آبادی کا بمشکل ایک فی صد بلکہ اِس سے بھی بہت کم شامل ہے ____اِس کے باہر ایک ذرا بڑا دائرہ ہے جس میں کل آبادی کے دو یا زیادہ سے زیادہ تین فی صد لوگ شمار کیے جا سکتے ہیں____ پھر ایک اور بڑا دائرہ ہے جس میں لگ بھگ پانچ چھ فی صد لوگ شامل ہوں گے____ اور پھرایک بہت بڑا دائرہ ہے جو بقیہ نوے بانوے فی صد آبادی پر مشتمل ہے.