پاکستان کا معجزانہ قیام____ قائداعظم کی غیر معمولی قیادت اور پاکستان کی تاحال خصوصی حفاظت وصیانت کی صرف ایک توجیہہ ممکن ہے اور وہ یہ کہ پاکستان اسلام کے عالمی غلبے کی خدائی تدبیر کے سلسلے کی اہم کڑی ہے.
اِس قضیے (Proposition) یا نظریے (Theorum) کے دو اجزاء ہیں:ایک یہ کہ بالآخر اسلام پوری دنیا پر غالب آ کر رہے گا او رپورے کرۂ ارضی پر اسلام کی حکمرانی قائم ہو کر رہے گی____ اوردوسرا یہ کہ اسلام کے اس عالمی غلبے (Global Domination) میں ایک اہم اورفیصلہ کن کردار (Crucial Role) پاکستان کو ادا کرنا ہے اور یہ گویا پاکستان کی تقدیر (Destiny) ہے.
اِن میں سے جہاں تک پہلے جزو کا تعلق ہے، وہ بالکل یقینی اور اٹل ہے، اِس لیے کہ وہ قرآنِ حکیم سے بھی دلالتہً (By Inference) ثابت ہے اور متعدد احادیث صحیحہ میں تو صراحتہً مذکور ہے اور اِس کے ضمن میں گمان اور قیاس کا معاملہ صرف اِس مسئلے تک محدود ہے کہ ایسا کب ہو گا؟____ البتہ جہاں تک دوسرے جزو کا تعلق ہے تو وہ سراسر یا قیاس و گمان کا معاملہ ہے یا ذوق و وجدان کا. چنانچہ اِس کے ضمن میں اختلاف کی گنجائش موجود ہے. تاہم اِن سطور کے عاجز و ناچیز راقم کا گمان غالب یہی ہے کہ اسلام کے عالمی غلبے کا نقطۂ آغاز یہی سر زمین بنے گی جس کا نام ’’پاکستان‘‘ ہے. گویا راقم کو علامہ اقبال کے اِس شعر سے اتفاق ہے کہ ؎
میر عرب کو آئی ٹھنڈی ہوا جہاں سے
میرا وطن وہی ہے میرا وطن وہی ہے!
واللہ اعلم!