امر واقعہ یہ ہے کہ حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ کا قرابت ورشتہ داری کے لحاظ سے نبی اکرم سے تہرا رشتہ اور تعلق ہے. حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ خاندان کے لحاظ سے نجیب الطرفین قرشی ہیں اور پانچویں پشت میں ان کا اور حضور کا نسبی تعلق یکجا ہو جاتا ہے. حضرت عثمان غنی ؓ کی والدہ حضرت ارویٰ بنت اُمّ الحکیم بنت عبدالمطلب تھیں‘ لہذا حضرت عثمان غنیؓ کی والدہ محترمہ جناب عبدالمطلب کی نواسی تھیں اور نبی اکرم عبدالمطلب کے پوتے. گویا حضور اور حضرت عثمان غنی ؓ کی والدہ ماجدہ کے مابین پھوپھی زاد بہن اور ماموں زاد بھائی کا رشتہ ہے. لہذا حضرت عثمان غنی ؓ اس نسبت سے نبی اکرم کے بھانجے ہیں.