کتب احادیث میں منقول ہے کہ حبشہ کی طرف سب سے پہلے ہجرت کرنے والوں میں حضرت عثمان رضی اللہ عنہ شامل تھے. آپؓ کے ساتھ آپؓ کی زوجہ محترمہ‘ رسول اللہ کی صاحبزادی حضرت رقیہ رضی اللہ عنہابھی تھیں. اس ہجرت کے متعلق نبی اکرم کاارشاد ہے کہ حضرت ابراہیم اور حضرت لوط علیہما السلام کے بعد (شوہر و بیوی ایک ساتھ)ہجرت کرنے والا یہ پہلا جوڑا ہے. یہ روایت امام حاکم ؒ نے اپنی مستدرک میں عبدالرحمن بن اسحاق بن سعد سے روایت کی ہے.

حضرت انس رضی اللہ عنہ سے منقول روایت میں یہ الفاظ ہیں کہ ’’عثمانؓ پہلے شخص ہیں جنہوں نے لوط علیہ السلام کے بعد اپنی اہلیہ کے ساتھ ہجرت کی ہے‘‘. اس سے غالباً جوانی کے عالم میں میاں بیوی کا ہجرت کرنا مراد ہے. آپؓ کی دوسری ہجرت مد ینہ النبی کی طرف ہے. چنانچہ حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ کو راہِ حق میں ہِجرتَین کی سعادت نصیب ہوئی. اس لحاظ سے بھی آپؓ ذوالنورین کے لقب کے مصداق قرار پا سکتے ہیں.