(۱۹۸۳ء)

حسنِ اتفاق سے یکم محرم الحرام ۱۴۰۲ھ یعنی پندرھویں صدی ہجری کے دوسرے سال کا ’’نو روز‘‘ جمعہ کا دن تھا. اس مناسبت سےمحترم ڈاکٹر اسرار احمدؒ نے مسجد دارالسلام‘ باغِ جناح‘ لاہور میں اپنے خطابِ جمعہ میں جو اہم باتیں ارشاد فرمائیں وہ ماہنامہ’’میثاق‘ ‘میں ’’ہجری سالِ نو مبارک‘ ‘ کے عنوان سے شائع ہو گئی تھیں.

پھر اسی سال ۸؍ محرم الحرام کو ڈاکٹر صاحبؒ نے ’’سانحہ کربلا کا تاریخی پس منظر‘‘ کے عنوان سے مفصل خطاب فرمایا جو’ ’میثاق‘‘ بابت دسمبر ۱۹۸۱ء میں شائع ہو گیا تھا. اس کے ساتھ ہی واقعاتِ کربلا کے ضمن میں ایک طویل روایت کا ترجمہ بھی شائع کر دیا گیا تھا جو حضرت زین العابدین علیؒ بن حسینؓ کے صاحبزادے اور حضرت جعفر صادق ؒ کے والد ماجد حضرت محمد باقر ؒ سے مروی ہے.

’’میثاق‘ ‘کی اس اشاعت کی مانگ بہت زیادہ ہوئی تھی‘ یہاں تک کہ اب اس کا کوئی نسخہ دفتر میں موجود نہیں ہے. چنانچہ احباب کے تقاضوں کے پیشِ نظر اب ان تینوں کو یکجا کتابی شکل میں شائع کیا جا رہا ہے.

توقع ہے کہ ان شاء اللہ العزیز یہ کتابچہ ان مغالطوں اور غلط فہمیوں کے ازالے میں ممد و معاون ثابت ہو گا جو ماہ محرم الحرام اور شہادتِ سیّدنا حضرت حسین ؓ کے ضمن میں عوام و خواص میں پائی جاتی ہیں.

اللہ تعالیٰ ہم سب کو حق کو پہچاننے اور اسے ذہناً و قلباً قبول کرنے کی توفیق عطا فرمائے. 

آمین!
ناظم نشر و اشاعت