زیر نظر کتاب ’’مطالباتِ دین‘‘ عرصہ پانچ چھ سال سے مفقود یعنی آؤٹ آف اسٹاک تھی. اس کا چھٹا ایڈیشن‘ جوتاحال آخر ی ایڈیشن تھا‘ مارچ۱۹۸۳ء میں ۳۳۰۰ کی تعداد میں شائع ہوا تھا‘ چنانچہ۸۶ء یا ۸۷ء میں اسٹاک کے ختم ہو جانے کے بعد سے مکتبہ میں یہ کتاب دستیاب نہیں تھی. اس کی اشاعت کو روک لینے کے مختلف اسباب میں سے ایک سبب یہ بھی تھا کہ ’’فرائض دینی کا جامع تصور‘‘ کے نام سے ایک مختصر کتابچہ اس دوران منصہ شہودپر آ چکا تھا جس میں اختصار کے ساتھ وہ مباحث موجود تھے جو ’’مطالباتِ دین‘‘ میں تفصیلاً مذکور ہیں. ثانیاً ہماری خواہش یہ تھی کہ اس کتاب کی دوبارہ اشاعت سے قبل اس کے حسن ظاہری میں اضافے کے لیے اس کی کتابت دوبارہ کرائی جائے اور پوری کتاب پر بھرپور نظر ثانی کر کے اور ان مکررات و زوائد کو حذف کر کے جو دراصل تقریر کا خاصہ ہوتے ہیں‘ اس کے حسن معنوی کو بھی دوبالا کیا جائے. الحمد للہ کہ کتاب کے اس ساتویں ایڈیشن میں یہ دونوں مقصود حاصل کر لیے گئے ہیں. گوا س کام میں غیر معمولی تاخیر ہوئی ہے‘ تاہم ؏دیر آید درست آید! ہمارے رفیق کار حافظ خالد محمود خضر نے محترم شیخ جمیل الرحمن صاحب کی رہنمائی اور ان کے مشوروں کی روشنی میں بڑی عرق ریزی کے ساتھ اس کتاب پر نظر ثانی کر کے مناسب اصلاح کر دی ہے اور کمپیوٹر کتابت سے اس کے حسن ظاہری میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہو گیا ہے. اللہ تعالیٰ ہماری اس کاوش کو شرفِ قبول عطا فرمائے . آمین!

از
ناظم نشرو اشاعت
مرکزی انجمن خدام القرآن لاہور 
۱۴ جنوری ۱۹۹۳ء