فرض عبادات کا بندگی ٔ ربّ سے تعلق

عبادت کے اس وسیع اور جامع مفہوم کو ذہن میں رکھتے ہوئے اب یہ جان لیجیے کہ فرض عبادات یعنی ارکانِ اسلام کا اس سے تعلق کیا ہے. میں اشارۃً عرض کر چکا ہوں کہ یہ عبادات اس عظیم عبادت یعنی خدا کے سامنے بچھ جانے کے لیے انسان کو تیار کرتی ہیں اور اس راہ کی رکاوٹوں کو دُور کرنے میں ممد و معاون ثابت ہوتی ہیں. ان عبادات کا دراصل بڑا ہی حکیمانہ نظام ہے. ان سے انسان میں وہ قوت پیدا ہوتی ہے اور وہ صلاحیت و اہلیت اجاگر ہوتی ہے جس سے وہ عبادتِ ربّ کی راہ میں پیش آنے والے موانع کودُور کر سکتا ہے.