آگے فرمایا:
وَ لَوۡ لَا کَلِمَۃٌ سَبَقَتۡ مِنۡ رَّبِّکَ اِلٰۤی اَجَلٍ مُّسَمًّی لَّقُضِیَ بَیۡنَہُمۡ ؕ
’’اور اگر نہ ہوتی ایک بات جو نکل چکی تیرے ربّ کی طرف سے ایک وقتِ مقرر تک تو اُن کے درمیان فیصلہ چکا دیا جاتا.‘‘

واضح رہے کہ سورۃ الشوریٰ مکی سورت ہے‘ اور یہاں رسول اللہ کو تسلی دی جا رہی ہے کہ آپؐ خاطر جمع رکھئے‘ اللہ کا فیصلہ آ کر رہے گا‘ احقاقِ حق اور ابطالِ باطل ہو کر رہے گا. لیکن اس میں ابھی وقت لگے گا‘ کیونکہ ہر چیز کے انجام کے لیے اللہ کا مقرر کردہ ایک اندازہ اور ضابطہ ہے. اس فیصلے کے لیے بھی اللہ کی طرف سے ایک میعاد مقرر ہے‘ اور جب تک وہ گھڑی نہیں آتی تب تک منتظر رہنا پڑے گا!