زیر نظر کتاب’’اُسوۂ رسول ‘‘ گزشتہ چند سال سے مفقود یعنی آؤٹ آف اسٹاک تھی. اس کا چھٹا ایڈیشن ‘ جوتاحال آخری ایڈیشن تھا‘ جولائی ۱۹۹۶ء میں شائع ہوا تھا‘ جس کا اسٹاک ختم ہو جانے کے بعد سے مکتبہ میں یہ کتاب دستیاب نہیں تھی. ہماری خواہش یہ تھی کہ اس کتاب کی دوبارہ اشاعت سے قبل اس کے حسنِ ظاہری میں اضافے کے لئے اس کی کتابت دوبارہ کروائی جائے اور پوری کتاب پر بھرپور نظر ثانی کر کے اور ان مکررات و زوائد کو حذف کر کے جو دراصل تقریر کا خاصہ ہوتے ہیں‘ اس کے حسنِ معنوی کو بھی دوبالا کیا جائے. 

الحمد للہ کہ کتاب کے اس ساتویں ایڈیشن میں یہ دونوں مقصود حاصل کر لئے گئے ہیں. گواس کام میں غیر معمولی تاخیر ہوئی ہے‘ تاہم ؏ دیر آیددرست آید! ہمارے شعبہ مطبوعات کے مدیر حافظ خالد محمود خضر نے بڑی عرق ریزی کے ساتھ اس کتاب پر نظر ثانی کر کے مناسب اصلاح کر دی ہے اور ذیلی عنوانات کا اضافہ بھی کر دیا ہے. نیز کمپیوٹر کتابت سے اس کے حسنِ ظاہری میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہو گیا ہے. اللہ تعالیٰ ہماری اس کاوش کو شرف ِقبولیت عطا فرمائے. آمین!

از ناظم نشر و اشاعت
مرکزی انجمن خدام القرآن لاہور
۲۷؍ستمبر ۲۰۰۴ء