توبہ کا معنی و مفہوم

سب سے پہلے یہ سمجھئے کہ توبہ کسے کہتے ہیں. عربی زبان میں ’’آبَ یَئُوْبُ اَوْبًا‘‘ اور ’’تَابَ یَتُوْبُ تَوْبًا‘‘ بڑے قریب کے الفاظ ہیں. ان کا معنی ہے : لوٹ آنا‘ پلٹ آنا.چنانچہ توبہ کے معنی ہوئے :پلٹ آنا دین کے اعتبار سے اس کا مفہوم یہ ہے کہ اگر کسی شخص نے اپنا رخ اللہ سے ہٹا کر کسی اور طرف کر دیاتھا‘ اللہ کو اپنا مقصود و مطلوب اور محبوب حقیقی بنانے کے بجائے کسی اور کو اس مقام پر رکھ دیا تھا‘ اللہ کے دین کی پابندی کے بجائے اپنے نفس یا ماحول کی پابندی کو لازم کر لیا تھا تو وہ پلٹے‘ رجوع کرے‘ لوٹے‘ اپنا رُخ اللہ کی طرف کرے.ازروئے الفاظِ قرآنی: اِنِّیْ وَجَّھْتُ وَجْھِیَ لِلَّذِیْ فَطَرَ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضَ حَنِیْفًا (الانعام:۷۹’’میں نے تو اپنا رُخ کر لیا ہے یکسو ہو کر اس ہستی کی طرف جس نے آسمان و زمین کو بنایاہے‘‘ تو یہ معصیت سے اطاعت کی طرف پلٹنا‘ گناہ سے نیکی کی طرف پلٹنا‘ دنیا اور اس کی لذتوں سے اللہ ‘اس کی مغفرت اور اس کی رحمت کی طرف پلٹنا‘ توبہ کہلاتا ہے.