آج میں نے امکانی حد تک توبہ کے بارے میں ترغیب و تشویق کا پہلو سامنے رکھا ہے اور مایوس نہ ہونے کی تلقین کی ہے‘ کیونکہ مایوسی کفر ہے . اس ضمن میں ‘ مَیں نے یہ قرآنی آیت بھی سنائی: لَا تَقۡنَطُوۡا مِنۡ رَّحۡمَۃِ اللّٰہِ ؕ اِنَّ اللّٰہَ یَغۡفِرُ الذُّنُوۡبَ جَمِیۡعًا ؕ ’’اللہ کی رحمت سے مایوس نہ ہو‘ بے شک اللہ سب گناہوں کو بخشنے والا ہے‘‘. اور بہت سی احادیث بھی پیش کیں کہ آپ نے کتنے ہی گناہ کیے ہوں‘ خواہ ۹۹ یا سو قتل کیے ہوں تب بھی توبہ کرو گے تو اللہ تعالیٰ توبہ قبول فرمائے گا‘ اور کس شان کے ساتھ قبول فرمائے گا‘ وہ بھی میں نے اُس متفق علیہ حدیث کی روشنی میں بیان کیا ہے . 

خلاصہ کلام یہ ہے کہ ہمیں لوگوں کو توبہ کی ترغیب دینی چاہیے‘ توبہ کی منادی کرنی چاہیے. پھر جو لوگ ’’صحیح معانی‘‘ میں توبہ کر لیں ان کو چاہیے کہ ایک طرف تو وہ اللہ کے دین کو قائم کرنے کی جدوجہد شروع کر دیں‘ اس میں پیچھے نہ رہیں ‘اس لیے کہ یہ سلطنت خداداد پاکستان اس وقت نہایت نازک موڑ پر ہے‘ بمصداق ؎

اے خاصۂ خاصانِ رسل وقت دعا ہے
اُمت پہ تیری آ کے عجب وقت پڑا ہے!

میں اپنے احساسات آپ کے سامنے بیان نہیں کر سکتا.جب یروشلم کی تباہی ہوئی تھی جس کا میں نے ذکر کیا ہے کہ چھ لاکھ انسان قتل ہوئے تھے اور چھ لاکھ کو بخت نصر ہانک کر بھیڑبکریوں کی طرح بابل لے گیا تھا‘ اس سے پہلے اہل کتاب کے کتنے ہی نبی ان سے کہتے رہے تھے کہ ہوش کرو ‘توبہ کر لو! ایک جگہ تو یہاں تک الفاظ ہیں: ’’درخت کی جڑوں پر کلہاڑا رکھا جا چکا ہے‘اب تو ہوش میں آ جاؤ ‘‘.لیکن وہ ہوش میں نہیں آئے . دنیا پرستی ‘ نفس پرستی ان پر اس قدر مسلط ہو چکی تھی کہ اس نے انہیں توبہ نہیں کرنے دی ‘تو تباہی اور بربادی ان کا مقدر بن گئی. 

آج ہماری نگاہوں کے سامنے عراق کے ساتھ کیا ہو رہا ہے ‘حالانکہ اس کا کوئی جرم بھی نہیں ہے ‘جبکہ ہم تو بڑے بڑے جرم کر چکے ہیں . امریکہ کا کہنا ہے کہ پوری دنیا کے اندر ہم ایٹمی صلاحیت کو پھیلنے نہیں دیں گے ‘جبکہ ان کی نگاہ میں ہمارا عمل اس کے خلاف جا رہا ہے. ایک خاص وقت میں افغانستان میں انہیں اپنے اصل دشمن سوویت یونین کی طاقت کو ختم کرنے کے لیے ہماری ضرورت تھی. اس کے بعد انہوں نے ہم سے منہ پھیر لیا تھا اور ہم اللہ کی رحمت سے ایٹمی طاقت بن گئے. پاکستان نے جب ایٹمی دھماکے کیے تو شاہ عبداللہ نے نواز شریف سے کہا تھا کہ یہ ایٹم بم صرف آپ کا نہیں ہے بلکہ یہ پوری اُمت مسلمہ کا ہے یہودی اوران کے آلہ ٔکار عیسائی خاص طو رپر WASP یہ کیسے برداشت کر سکتے ہیں کہ پاکستان ترقی کرے اور اس کا ایٹم بم پوری مسلم دنیا کا ایٹم بم گنا جائے. تو سمجھ لیجیے کہ پاکستان کی جڑوں پر بھی تیشہ رکھا جا چکا ہے. میرے احساسات کی اس سے کم الفاظ میں تعبیر نہیں ہو سکتی‘ لیکن یہ یاد رکھیں کہ اب بھی ایک امکان موجود ہے کہ توبہ کرو اور توبہ کراؤ ‘ مل جل کر طاقت بنو‘ کوشش کرو کہ یہاں اسلام کا نظام آ جائے . اللہ تعالیٰ سے دعا کرو کہ اے اللہ! ہمیں مہلت عطا فرما دے‘ اے اللہ ‘ ہمیں اتنی مہلت عطا فرما دے کہ ہم تجھ سے کیا گیا عہد پورا کر یں اور پاکستان میں تیرے نبی کا لایا ہوا مکمل نظام‘ خلافت راشدہ کے طرز پر نافذ کر سکیں.آمین یا ربّ العالمین!

اَقُوْلُ قَوْلِیْ ھٰذَا وَاسْتَغْفِرُ اللّٰہَ لِیْ وَلَـکُمْ وَلِسَائِرِ الْمُسْلِمِیْنَ وَالْمُسْلِمَاتِ