امیر تنظیم اسلامی ڈاکٹر اسرار احمد صاحب کی عرصۂ دراز سے یہ خواہش تھی کہ چوتھے خلیفۂ راشد سید نا حضرت علی رضی اللہ عنہ کی سیرتِ مبارکہ پر گفتگو کریں. لگ بھگ ۲۰ برس قبل لاہور کی ایک انجمن کے زیرِ اہتمام محترم ڈاکٹر صاحب کو جب حضرات ابوبکر‘عمر اور عثمان رضی اللہ عنہم اجمعین کی سیرتوں پر خطاب کرنے کا موقع ملا تو آپ نے منتظمین انجمن سے برملا کہہ دیا تھا کہ اگر انہوں نے چوتھے خلیفہ راشد کا یوم منانے کا اہتمام نہ کیا تو آئندہ وہ ان کے جلسے میں تقریر کے لیے نہیں آئیں گے. لیکن بعدازاں بعض دیگر اداروں کی طرح وہ ادارہ بھی غیر فعال ہو گیا‘اور غالباً آئندہ ان کے زیر اہتمام کسی جلسے کی نوبت ہی نہ آئی. قریباً دس بارہ سال قبل ربیع الاوّل کے مہینے میں خالق دینا ہال کراچی میں سُنّی کونسل کے زیر اہتمام طے ہوا کہ ڈاکٹر صاحب سیرِ صحابہؓ کے جلسوں کے سلسلے کی ایک شام میں حضرت علی رضی اللہ عنہ کے فضائل و مناقب پر گفتگو کریں گے‘لیکن ڈاکٹر صاحب کی اچانک علالت کی وجہ سے یہ پروگرام بھی پایۂ تکمیل تک نہ پہنچ سکا.

پھر گیارہ جون ۸۶ء کو انجمن فکرِ اسلامی جھنگ کے زیر اہتمام سیرتِ فاروق اعظمؓ پر ڈاکٹر صاحب کے خطاب نے ان کی دیرینہ خواہش کی تکمیل کے لیے مہمیز کا کام کیا. چنانچہ جامع مسجد دارالسلام باغ جناح لاہور میں ۱۲ اور ۱۹ جون ۸۷ء کے دو خطباتِ جمعہ میں مقامِ صدیقیت اور مقامِ شہادت کا مفصل بیان ہوا اور پھر جمعہ ۲۶ جون کو اس سلسلے کے تیسرے خطاب جمعہ میں بات خلیفہ چہارم سیدنا علی رضی اللہ عنہ کی سیرت تک پہنچی. ’’میثاق‘‘ کے ادارۂ تحریر کے بزرگ رکن جناب شیخ جمیل الرحمن صاحب نے اپنی پیرانہ سالی کے باوجود بڑی محنت سے اس خطاب کو مرتب کیا اور بعض تاریخی کتب کی مدد سے حضرت علیؓ کی سیرت و سوانح کے بعد اہم واقعات کے اضافے سے حضرت علیؓ کی سیرت کا ایک نہایت دلکش مرقع تیار کیا ‘جسے میثاق کی دو اشاعتوں‘اگست و ستمبر ۸۷ء میں شائع کیا گیا. محترم شیخ جمیل صاحب کی اس قابل قدر کاوش پر مزید نظر ثانی کرنے اور مناسب حک و اضافہ کے بعد اب اسے کتابی صورت میں شائع کیا جا رہا ہے.

یاد رہے کہ اس سے قبل خلیفۂ ثالث حضرت عثمان غنیؓ کی سیرت پر مشتمل محترم ڈاکٹر صاحب کاخطاب ’’شہیدِ مظلوم‘‘ کے عنوان سے ہماری مستقل مطبوعات میں شامل ہے‘جس کی اثر انگیزی اورافادیت کا وسیع حلقے میں اعتراف کیا گیا ہے. زیر نظر کتابچے کو بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی قرار دیا جاسکتا ہے.

ناظم نشرواشاعت
۱۴ جون ۱۹۹۵ء