چند تمہیدی امور خصوصاً نظم قرآن کے حوالے سے!
نحمدہٗ ونصلی علٰی رَسولہِ الکریم … امَّا بَعد:
اعوذ باللّٰہ من الشَّیطٰن الرَّجیم . بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
اس سے قبل کہ ہم اس سورۂ مبارکہ کا سلسلہ وار لفظ بہ لفظ مطالعہ شروع کریں‘ حسب معمول چند تمہیدی امور کی طرف توجہ دلانی ضروری ہے. سب سے پہلی بات یہ کہ مصحف میں اس سورۂ مبارکہ کا مقام کیا ہے. ایک جملے میں تو یہ کہا جا سکتا ہے کہ قرآن حکیم کی سورتوں کے مکی و مدنی سورتوں پر مشتمل جو سات گروپ ہیں‘ ان میں سے چھٹے گروپ کی مدنی سورتوں میں اوّلین اور جامع ترین سورۃ ‘سورۃ الحدید ہے. لیکن اس ایک جملے کی کسی قدر وضاحت کی ضرورت ہے.