ڈائریکٹر شیخ الہندؒ اکیڈمی دیوبند (بھارت) کے ایک حالیہ مکتوب کا ایک اقتباس
ڈاکٹر اسرار احمد صاحب اس زمانے میں ہندوستان آئے جب کہ میں خود پاکستان میں تھا (مراد ہے ڈاکٹر صاحب کا حیدر آباد دکن‘ دہلی اور علی گڑھ کا اپریل ۱۹۸۴ء کا دورہ) دہلی سے ڈاکٹر صاحب کا ورودِ مسعود علی گڑھ میں بھی ہوا اور جیسا کہ مجھ کو علی گڑھ پہنچنے پر معلوم ہوا کہ ڈاکٹر صاحب کی صحبت و خطابت سے علی گڑھ کے لوگ کافی محظوظ ہوئے. فجزاہ اللّٰہ. خدام القرآن کے جلسہ میں میں نے جو تقریر مولانا ابوالکلام آزاد پر کی تھی وہ ’’حکمتِ قرآن‘‘ میں چھاپ دی گئی ہے. علی گڑھ میںاسے کئی اربابِ علم نے پڑھا اور پسند کیا. آج کل جیسا کہ مجھے معلوم ہوا ہے کہ ڈاکٹر صاحب کو بعض حضرات کی طرف سے مخالفت کا سامنا درپیش ہے‘ لیکن ہر وہ شخص جب کوئی تحریک شروع کرتا ہے‘ ابتداء ً اسے ان حالات سے گزرنا ناگزیر ہے. وفقنا اللّٰہ جمیعا لما یحب و یرضیٰ. والسلام!