شادی شدہ رفقاء کے لئے ’’گھریلو اُسرہ‘‘ کا قیام

اپنے بیوی بچوںاور زیرِ کفالت افراد کی تربیت سربراہ کنبہ کی ذمہ داری ہے. فرمان نبوی ہے کُلُّکُمْ رَاعٍ وَّ کُلُّکُمْ مَسْئُوْلٌ عَنْ رَعِیَّتِہٖ چنانچہ تنظیم اسلامی کے ملتزم شادی شدہ رفقاء کی اس ذمہ د اری میں معاونت کے لئے یہ لازم کیا گیا ہے کہ وہ اپنے اہل خانہ پر مشتمل ایک ’’گھریلو اُسرہ‘‘ کا قیام عمل میں لائیں. اس کا اندراج نظام العمل کی دفعہ نمبر2، شق (2.4) ملتزم رفیق‘ کے نکتہ نمبر(2.4.8) میں ہے. یہ اُسرہ درج ذیل نظام کے تحت کام کرے گا.

1 ملتزم رفیق بحیثیت سربراہ کنبہ ’’گھریلو اُسرہ‘‘ کا نقیب ہوگا اور خاتون خانہ اس کی نیابت سرانجام دیں گی تاکہ رفیق کی غیرحاضری کی صورت میں اُسرہ کے پروگرام جاری رہیں.

2 مجلس اُسرہ ہفتہ وار منعقد کی جائے جس کا دورانیہ کم از کم ایک گھنٹہ ہو.

3 اُسرہ کا نصاب درج ذیل تجویز کیا جارہا ہے جو کہ گھرانے کے مختلف افراد کو تفویض / تقسیم کیا جائے اور ترغیب و تشویق سے کام لیا جائے تو بہترہوگا.

(i) تلاوت اور ترجمۂ قرآن
(ii) آداب زندگی اور بنیادی اخلاقیات کا مطالعہ کیا جائے.
(iii) سیرۃ النبی  (ترجیحاً الرحیق المختوم) کا سلسلے وار مطالعہ کیا جائے.
(iv) سیرۃ صحابہؓ / صحایباتؓ کا مطالعہ کیا جائے. نیز مشاہیر اسلام سے متعارف کروایا جائے.
نوٹ: بچوں کی عمر اور افتاد طبع کو ملحوظ رکھتے ہوئے اُسرہ کے پروگرام میں دلچسپی بڑھانے کی خاطر اگر بچوں سے حمد و نعت پر مشتمل معیاری کلام یا کلام اقبال کے منتخبات سنے جائیں تو یہ بھی مفید ہوگا. اِس اُسرہ کا جائزہ لینے کے لئے ملتزم رفقاء کی ششماہی رپورٹ میں استفسار ہوگا.