سر سید کے والد میر متقی ایک آزاد طبیعت کے آدمی تھے۔اگرچہ شاہ عالم کے زمانہ میں اور ان کے بعد اکبر بادشاہ کے زمانہ میں جو درجہ دربارِعام اور دربارِ خاص میں ان کے والد کا تھا وہی درجہ میر متقی کا بھی رہا۔۔۔ مگر چونکہ ان کو اکبر شاہ کے ساتھ شاہزادگی کے زمانہ سے نہایت خلوص اور خصوصیت تھے اس لئے شاہ عالم کے انتقال کے بعد ان کا رسوخ دربار میں پہلے سے بھی زیادہ ہو گیا تھا۔ مثمن برج سے پیوستہ جو مکان خواب گاہ کے نام سے مشہور تھا اور جہاں خاص خاص لوگوں کے سوا کوئی نہ جا سکتا تھا، میر متقی برابر وہاں جاتے تھے۔ سر سید کہتے تھے کہ: "میں بارہا اپنے والد کے ساتھ اور نیز تنہا بھی اس خاص دربار میں گیا ہوں۔"