(بموقع طبع ہفتم)
’’عظمت قرآن‘‘ بانی تنظیم اسلامی محترم ڈاکٹر اسرار احمد رحمۃ اللہ علیہ کے خصوصی دلچسپی کے موضوعات میں سے ایک تھا اور اس موضوع پر آنجناب نے اپنی حیاتِ مستعار میں متعدد بار اظہارِ خیال فرمایا تھا . ان میں سے ایک خطاب ’’عظمت قرآن : قرآن وحدیث کے آئینے میں‘‘ محترم ڈاکٹر صاحبؒ کی تالیف ’’تعارفِ قرآن‘‘ کے ساتھ بھی شامل کیا گیا ہے.
پیش نظر کتابچہ بھی محترم ڈاکٹر صاحب ؒ کے ایک خطاب پر مشتمل ہے ‘جو آج سے لگ بھگ بیس برس قبل ہمارے ایک ساتھی اور بزرگ محترم عبدالرشید رحمانی صاحب نے سنا تو ان کے دل کو اس قدر بھایا کہ اسے کیسٹ سے صفحہ ٔقرطاس پر منتقل کر کے ہمیں اشاعت کی غرض سے بھجوا دیا. محترم رحمانی صاحب اُن دنوں جدہ (سعودی عرب) میں مقیم تھے اور اب تنظیم اسلامی حلقہ لاہور کے دفتر میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں. رحمانی صاحب کے ارسال کردہ مسودہ کی ترتیب و تدوین کی سعادت راقم الحروف کے حصے میں آئی اور اسے ماہنامہ میثاق (جون۱۹۹۱ء) میں شائع کردیا گیا. بعد ازاـں جنوری۱۹۹۲ء میں اسے کتابچے کی صورت میں شائع کیا گیا اور مارچ ۲۰۰۵ء تک اس کے چھ ایڈیشن شائع ہوئے.
کچھ عرصے سے یہ کتابچہ آؤٹ آف سٹاک تھا. اس دوران میں اس کی اشاعت و طباعت میں جو تاخیر ہوئی اس کی تلافی اس طرح کی جا رہی ہے کہ طبع جدید سے قبل اس پر ایک بھرپور نظر ثانی کی گئی ہے‘ ذیلی سرخیوں کا اضافہ کیا گیا ہے‘ احادیث کی تخریج کر دی گئی ہے اور اسے جدید کمپیوٹر کمپوزنگ پر نئی آب و تاب کے ساتھ پیش کیا جا رہا ہے.
اللہ تعالیٰ اس کاوش کو شرفِ قبولیت عطا فرماکر اسے محترم ڈاکٹر اسرار احمد رحمۃ اللہ علیہ اور تحریک رجوع الی القرآن کے قافلہ میں شریک افراد کے لیے توشۂ آخرت بنائے.
۱۵/جولائی ۲۰۱۱ء
خالد محمود خضر
مدیر شعبہ مطبوعات