آخر میں اس امر کی وضاحت ضروری ہے کہ جب تک یہ انقلاب برپا نہ ہو، ہم موجودہ سیاسی و انتخابی عمل کے جاری رہنے کے شدت کے ساتھ قائل ہیں اور کسی بھی صورت میں دوسری واحد ممکن العمل شکل یعنی مارشل لاء کی تائید نہیں کرتے جو ہمارے نزدیک پاکستان کے حق میں سم قاتل سے کسی طرح کم نہیں ہے. البتہ جو حضرات تہہ دل سے اسلامی انقلاب یا نظام خلافت کے قیام کے متمنی ہیں انہیں ہمارا مشورہ یہ ہے کہ اس سیاسی و انتخابی عمل سے بالکل کنارہ کش ہو کر اپنی جملہ توانائیاں اس منظم قوت کے فراہم کرنے کے لیے وقف کر دیں جو نظام باطل کو چیلنج کر سکے اور دینی اصطلاح میں ’’نہی عن المنکر بالید‘‘ یعنی ’’طاقت کے ساتھ منکرات کے استیصال‘‘ کے لیے منظم لیکن پرامن مظاہروں کے لیے میدان میں آسکے!