اس حدیث مبارکہ کی روشنی میں ہم کہہ سکتے ہیں کہ جب تک طاقت نہیں ہے ’’نہی عن المنکر باللسان‘‘ کا فریضہ ادا کیا جاتا رہے. چنانچہ ہم زبان سے کہتے رہیں گے کہ یہ حرام ہے‘یہ جاگیرداری‘یہ سودی نظام جائز نہیں‘وغیرہ وغیرہ. جب طاقت حاصل ہو جائے گی تب نظامِ باطل کومیدان میں چیلنج کیا جائے گا‘یعنی ’’نہی عن المنکر بالید.‘‘
یہی مضمون ایک دوسری حدیث مبارکہ میں زیادہ واضح ہو کر آیا ہے. اس کے راوی حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ ہیں اور یہ بھی صحیح مسلم شریف کی روایت ہے: مَا مِنْ نَّبِیٍّ بَعَثَہُ اللّٰہُ فِیْ اُمَّۃٍ قَبْلِیْ اِلَّا کَانَ لَہٗ فِیْ اُمَّتِہٖ حَوَارِیُّوْنَ وَاَصْحَابٌ یَّــاْخُذُوْنَ بِسُنَّتِہٖ وَیَـقْتُدُوْنَ بِاَمْرِہٖ‘ ثُمَّ اِنَّـھَا تَخْلُفُ مِنْ بَعْدِھِمْ خُلُوْفٌ یَّــقُوْلُوْنَ مَالَا یَفْعَلُوْنَ وَیَفْعَلُوْنَ مَالَا یُـؤْمَرُوْنَ‘ فَمَنْ جَاھَدَھُمْ بِیَدِہٖ فَھُوَ مُؤْمِنٌ‘ وَمَنْ جَاھَدَھُمْ بِلِسَانِہٖ فَھُوَ مُؤْمِنٌ‘ وَمَنْ جَاھَدَھُمْ بِقَلْبِہٖ فَھُوَ مُؤْمِنٌ‘ وَلَـیْسَ وَرَاءَ ذٰلِکَ مِنَ الْاِیْمَانِ حَبَّۃُ خَرْدَلٍ
’’مجھ سے پہلے اللہ تعالیٰ نے جس نبی کو بھی کسی اُمت میں اٹھایا تو اس کی امت میں سے اس کے ایسے حواری اور اصحاب ہوتے تھے جو اپنے نبی کی سنت کو تھامے رکھتے اور اس کے حکم کی اطاعت کرتے. پھر ان کے بعد ان کے ایسے نالائق جانشین آتے جن کا حال یہ تھا کہ جو کہتے اس پر عمل نہ کرتے اور وہ کام کرتے جن کا ان کو حکم نہیں دیا جاتا. تو ایسے لوگوں سے جو شخص ہاتھ (قوت و طاقت) سے جہاد کرے وہ مؤمن ہے‘اور جو شخص ان سے زبان سے جہاد کرے وہ مؤمن ہے‘اور جو شخص ان سے دل سے جہاد کرے (یعنی دل میں کڑھے) وہ بھی مؤمن ہے. اور اس کے بعد تورائی کے دانے کے برابر بھی ایمان نہیں ہے.‘‘
یہ ایک بڑی جامع حدیث ہے. اُمتوں کے زوال کا پورا فلسفہ اس میں موجود ہے. اس لیے کہ قول و فعل کا تضاد ہی اُمتوں کو زوال سے دو چار کرتا ہے‘جیسا کہ آج ہمارا حال ہو گیا ہے کہ ہم دعویٰ کرتے ہیں عشق رسولؐ کا‘لیکن اتباعِ رسول ﷺ سے مکمل گریز ہے. البتہ بدعات و خرافات کا ایک طومار ہے کہ جس کو دین بنا کر رکھ دیا گیا ہے.