انقلابی عمل کا دوسرا مرحلہ یہ ہو گا کہ جو لوگ اس انقلابی نظریے کو ذہناً قبول کر لیں ان کو منظم کیا جائے. اس طرح ایک انقلابی جماعت وجود میں آئے. اس جماعت کے لئے دو چیزیں لازمی ہوں گی. ایک تو یہ کہ اس کی درجہ بندی (cadres) بالکل نئی ہونی چاہیے. پرانے نظام کے تحت لوگوں کی جو درجہ بندی ہے اگر وہی درجہ بندی اس جماعت کے اندر بھی رہے تو پھر وہ انقلابی جماعت نہیں ہو گی. یہاں تو بالکل نئی درجہ بندی ہو گی کہ کون کس قدر گہری وابستگی (Commitment) اس انقلابی نظریہ سے رکھتا ہے! کس نے اس انقلابی نظریہ کے تقاضوں کو خود اپنے آپ پر لازم کیا ہے! اور کون اس انقلابی نظریے کے لئے کتنی قربانی دے چکا ہے اور کتنی مزید دینے کو تیار ہے! جس نے جتنی پیش قدمی کی ہے اتنا ہی وہ آگے چلا جائے گا چاہے سابقہ نظام میں وہ شودروں اور اچھوتوں میں شمار ہوتا ہو اور سب سے گھٹیا اور نیچ سمجھا جاتا ہو، اس کی کوئی حیثیت نہ ہو. لیکن اگر اس نے اس انقلابی نظریہ کو خلوص و اخلاص اور گہرائی کے ساتھ قبول کیا ہے، اس کے ساتھ اس کی مکمل ذہنی اور عملی وابستگی (Commitment) ہے، اس کے لئے وہ قربانیاں دے رہا ہے تو وہ توقیر و تکریم اور ذمہ داریوں کے اعتبار سے پیدائشی برہمنوں سے کہیں آگے نکل جائے گا. اگر یہ بات نہیں ہوگی تو وہ جماعت انقلابی جماعت نہیں ہے.
دوسری چیز یہ کہ اس پارٹی کا نظم (Discipline) اگر آرمی ڈسپلن جیسا نہ ہو تو یہ پارٹی انقلاب نہیں لا سکتی. کوئی ڈھیلی ڈھالی ایسوسی ایشن، کوئی انجمن ٹائپ کی شے، کوئی چار آنے کی ممبری والی جماعت یا کوئی ایسی ہیئت اجتماعیہ انقلاب نہیں لا سکتی. ہر اجتماعی کام کی نوعیت اور مقصد کے اعتبار سے اسی نوع کی انجمن یا ادارہ یا جماعت کی ضرورت ہے. کوئی اصلاحی کام کرنا ہے تو کوئی انجمن بنا لیجئے. کوئی تعلیمی کام کرنا ہے تو کوئی ادارہ قائم کر دیجئے. مذہبی دعوت و تبلیغ کا کام کرنا ہے تو کوئی جمعیت بنا لیجئے. انتخابی سیاست کا کام کرنا ہے تو ممبری کی کوئی فیس مقرر کر کے بڑے پیمانے پر اپنے ہم خیال افراد کی ممبر سازی کر لیجئے… ایک سیاسی جماعت بنا لیجئے. لیکن اگر انقلاب لانا ہے تو اس کے لئے ایسی ’’پارٹی‘‘ درکار ہو گی جس کے ایک تو Cadres بالکل نئے ہوں اور دوسرے اس کا ڈسپلن مضبوط ہو کہ جو حکم ملے مانا جائے. یہ نہیں ہو گا تو انقلاب نہیں آ سکتا. اس لئے کہ ایک جمے ہوئے نظام کو اُ کھاڑ پھینکنا ہے. ایک مضبوط طاقت کے ساتھ ٹکراؤ کا مرحلہ آنا ہے. اس میں ڈھیلی ڈھالی انجمن ٹائپ ایسوسی ایشن کام نہیں دے سکتی.