مولانا ابوالکلام آزاد ایک ایسے گھرانے میں پیدا ہوئے جوپیری مریدی کا گھرانا کہلاتا ہے‘ جہاں بیعت کا رواج اور تصوف کا بڑا چرچا تھا‘ اور مولانا آزاد کے والد بزرگوار کے عقیدت مندوں اور مریدوں کا ایک بڑا وسیع حلقہ تھا. لیکن مولانا آزاد کی طبیعت میں ان طور طریقوں سے بغاوت کے رجحانات شروع ہی سے تھے. انہوں نے اس طریقے کو پسند نہیں کیا. ان کی تعلیم کہاں پر ہوئی اور کس طرح انہوں نے مختلف علوم پڑھے اس کی بھی کچھ زیادہ تفصیل نہیں ملتی ہے. لیکن مولانا نے اس کے متعلق خود جو آخری بات اپنی کتاب India wins freedom میں اپنے ذاتی حالات کے سلسلے میں لکھی ہے. وہی میرے خیال میں زیادہ مستند سمجھی جانی چاہیے. مولانا کی تعلیم کسی مستند اور باقاعدہ مدرسہ میں نہیں ہوئی‘ لیکن ان کے والد ماجد بہت بڑے بزرگ تھے اور ان کے حلقہ ٔارادت میں بڑے بڑے علماء داخل تھے جو صاحبانِ فن تھے اور خاص خاص فنون میں بڑی دستگاہ رکھتے تھے. ان کے والد ماجد نے مولاناکو بچپن ہی میں بغرضِ تعلیم مختلف علوم و فنون کے ماہر علماء کے سپرد کردیا.